گرمیوں میں سرخ پیاز ہیٹ اسٹروک سے بچانے میں مددگار

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ سرخ پیاز کا استعمال گرمیوں میں جسم کو شدید گرمی اور ہیٹ اسٹروک کے اثرات سے بچانے میں مدد گار ہے۔ سرخ پیاز کو عموماً گرمیوں میں سلاد کے طور پر کھایا جاتا ہے، تاہم تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ جسم کو ٹھنڈا رکھنے اور گرمی کے مضر اثرات کم کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ماہرین کے مطابق ہیٹ اسٹروک کی عام علامات میں زیادہ پسینہ آنا، سر درد، چکر آنا، متلی، دل کی دھڑکن تیز ہونا اور جلد کا سرخ پڑ جانا شامل ہیں۔جریدے مالیکیولز میں شائع تحقیق کے مطابق سرخ پیاز میں موجود پروٹین، فینولک مرکبات، فلیونوئیڈز اور اینٹی آکسیڈنٹس جسم کو گرمی کے ممکنہ نقصانات سے بچانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

اسی طرح جرنل آف فوڈ میجرمنٹ اینڈ کریکٹرائزیشن میں شائع ایک اور تحقیق میں بتایا گیا کہ سرخ پیاز میں پانی اور الیکٹرولائٹس کی مقدار زیادہ ہوتی ہے، جو جسم میں پانی کی کمی پوری کرنے میں مدد دیتی ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ سرخ پیاز نظامِ ہاضمہ کو بھی متحرک رکھتی ہے، خصوصاً گرمی کی شدت کے دوران جب آنتیں متاثر ہونے لگتی ہیں۔ماہر غذائیت روجوتا دیویکر کے مطابق گرمیوں میں کچی سرخ پیاز کھانا مفید ہے کیونکہ یہ معدے کے نظام کو گرمی کے اثرات اور نقصان دہ بیکٹیریا سے محفوظ رکھنے میں مدد فراہم کرتی ہے۔