سری نگر(اے ایف بی)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز نے بڑے پیمانے پر جاری محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اورچھاپوں کے دوران گزشتہ چند روز میں3 سے زائد نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے۔ بھارتی پولیس کے ایک سینئر افسر نے300 سے زائد نوجواں کو حراست میں لیے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ نوجوان عسکریت پسندوں کیلئے کام کرتے ہیں اور انہیں پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا۔
بھارتی فورسز آزادی پسند کشمیری نوجوانوں کو انتقامی کارروئی کا نشانہ بنانے کیلئے ان پر اس طرح کے الزامات عائد کرتی ہیں۔نوجوانوں کی پکڑ دھکڑا کا یہ تازہ سلسلہ ضلع کولگام میں بدھ کے روز بھارتی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کی ایک پارٹی پر نامعلوم مسلح افراد کے حملے کے بعد شروع کیا گیا جس میں تین اہلکار زخمی ہوئے تھے۔کشمیری نوجوانوں کی تازہ پکڑ دھکڑ کا آج چوتھا روز ہے ۔بھارتی فورسز نے کولگام حملے کے بعد سرینگر سمیت وادی کشمیر کے کئی اضلاع کے علاقوں جموں خطے میں بھی محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا ایک نیا سلسلہ شروع کر دیا ۔
سرینگر جموںشاہراہ سمیت اہم سڑکوں پر بھی اضافی چوکیاں اور پوسٹیں قائم کی گئی ہیں جن پرگاڑیوں ، مسافروں کی سخت تلاشی لی جارہی ہیں اور انکی شناختی دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جا رہی ہے۔دریں اثنا، بھارتی فوج، پولیس اور ’ولیج ڈیفنس گارڈز‘ کے اہلکاروں نے ضلع کشتواڑ کے گھنے جنگلات میں بھی ایک مشترکہ تلاشی آپریشن شروع کر دیاہے۔ ضلع کشتواڑ کے علاقے ڈچن مروہ سے جمعرات کے روز 2سپیشل افسروں کی لاشیں برآمدہوئی تھیں جنہیں نامعلوم افراد نے ایک روز قبل اغوا کر لیا تھا۔
